وزیراعظم سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات، کورونا وائرس کیخلاف آگاہی مہم کو سراہا

Last Updated On 16 April,2020 07:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے معروف عالم دین مولانا طارق کیساتھ ملاقات میں کورونا وائرس کیخلاف آگاہی مہم پر ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے علمائے کرام کا تعاون درکار ہے۔ اس سلسلے میں بہت جلد علماء کے وفد سے خود ملاقات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں کا مقصد عوام کو ایک ایسی وبا سے محفوظ رکھنا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر موڑ پر اور ہر مشکل کی گھڑی میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔ ماہ رمضان کے پیش نظر علمائے کرام کی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔