کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا ہے کہ وزیراٰعلی سندھ نے واضح کر دیا تھا کہ لاک ڈاؤن مزید سخت ہوگا، اس کے خاتمے یا نرم کرنے کا تاثر غلط ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں استثنیٰ اور کھلنے والی دکانوں کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حجام، دھوبی، درزی، سینیٹری اوردیگر دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا تاثر غلط ہے۔ انہیں سندھ حکومت اور نہ ہی وفاق کی جانب سے کوئی اجازت دی گئی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اعلان سے ایک تاثر اُبھرا کہ جیسے لاک ڈاؤن ختم ہوگیا ہو تاہم لاک ڈاؤن ختم یا نرم ہونے کا تاثر غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا اصرار تھا کہ کنسٹرکشن کے شعبے اور برآمدی صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔ سندھ حکومت نے وزیراعظم کی ہدایت پر کنسٹرکشن اور برآمدی صنعتوں کو کام کی اجازت دی تاہم انھیں تمام ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے انسانی جانیں زیادہ عزیز ہیں۔ دودھ، کریانہ، میڈیکل سٹور، تندور اور سبزی کی دکانوں کے مالکان بھی سماجی دوری رکھیں۔ کچھ روز کے لئے باہر کی غیر ضروری سرگرمیاں بند کر دیں۔