اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مسیحی برادری کو ایسٹر پر مبارکباد دیتے ہوئے کورونا پھیلاؤ کے پیش نظر گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے، انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیراپنا کر اپنی اور اہلخانہ کی سلامتی یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز سمیت پوری دنیا کورونا وباء کی زد میں ہے۔ کورونا کے پیش نظر ایسٹر پر حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہماری قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایسٹر کی خوشیوں میں دوسروں کو شامل کرنے کا بہترین طریقہ سماجی دوری اور حفاظتی تدابیر کو اپنانا ہے۔ ایسٹر پر سماجی فاصلوں سے ہم خود بھی محفوظ رہیں گے اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں گے۔
ہماری مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک۔ میری اپیل ہے کہ کرونا کے ہنگام گھروں تک محدود رہئیے اور قومی حفاظتی تدابیر کو بطور خاص اپنا کر اپنے اور اپنے اہل خانہ کی سلامتی کا اہتمام کرتے ہوئے عبادات کیجئے اور خوشیاں منائیے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 12, 2020
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایسٹر پر اجتماعی تقریبات کو مؤخر کر کے گرجا گھروں سے مذہبی رسومات اور عبادات کا آن لائن انعقاد اہم اقدام ہے۔ اس سلسلے میں مسیحی برادری کے بے پایاں تعاون کے شکرگزار ہیں۔ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان تک کی منازل کو طے کرتے ہوئے مسیحی برادری کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری نے گرانقدرخدمات سرانجام دی ہیں۔ پاکستان بلا رنگ و نسل، مذہب، ذات اور عقیدے کے ہم سب کا گھر ہے۔ پاک دھرتی کی سلامتی میں ہم سب کی سلامتی ہے۔