لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر 11 رکنی آل پارٹی مشاورتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
تمام پارلیمانی لیڈروں سے مشاورت کے بعد قائم کردہ کمیٹی وبائی صورتحال اور اس کے اثرات کو کم از کم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سپیکر چودھری پرویز الہیٰ اس کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی صوبہ کے علاوہ کسی بھی وفاقی ادارے یا ایجنسی کا تعاون حاصل کر سکے گی۔ کمیٹی کسی بھی رکن اسمبلی کو شریک کار کرنے کی مجاز ہوگی۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، نذیر احمد چوہان، امین ذوالقرنین، ساجد احمد خان، ملک احمد علی اولکھ، محمد معاویہ، سید حسن مرتضیٰ، سردار اویس احمد خان لغاری، سمیع اللہ خان اور خواجہ سلمان رفیق شامل ہیں۔