وزیراعظم نے دو کی بجائے ایک پاکستان کا وعدہ پورا کردیا:‌ فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 05 April,2020 03:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان کا وعدہ وزیراعظم نے پورا کردیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چینی اور گندم کی رپورٹ میں شریف گروپ بری طرح بے نقاب ہو چکا، مصنوعی بحران پیدا کر کےعوام کی مشکلات میں اضافہ کیا گیا۔ لیگی دور میں 22 ارب کی سبسڈی دی گئی، انکوائری رپوٹ میں سلمان شہباز کا نام بھی شامل ہے۔ شہبازشریف چینی اور گندم بحران کی رپورٹ پر بغلیں نہ بجائیں، سیاسی دکانداری چمکانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔

اس سے قبل فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کا یہ اقدام امیدِ نو اور ترقی کا پیغام ہے۔ مزدور طبقے سے سرمایہ دار برادری سمیت دیگر استفادہ حاصل کریں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ فکسڈ ٹیکس کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے سیمنٹ اور سٹیل انڈسٹری کے سوا تمام تعمیراتی شعبوں پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ تعمیراتی شعبے کے تحریک پانے سے دیگر صنعتوں کو نئی زندگی ملے گی جس سے ہنرمند اور غیرہنرمند محنت کش مستفید ہوں گے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ یہ پیکیج تعمیر وطن، عوام کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے صرف 10 فیصد ٹیکس لیا جائے گا جبکہ 90 فیصد ٹیکس رعایت دی جارہی ہے۔ تعمیرات کے شعبے کی ترقی محنت کشوں، مزدوروں کی ترقی ہے۔