کرونا وائرس سے بچاؤ: سینیٹ ملازمین کو 3 اپریل تک چھٹیاں دیدی گئیں

Last Updated On 18 March,2020 03:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے 50 سال سے زائد عمر اور بیمار ملازمین کو 3 اپریل تک چھٹیاں دیدی گئیں۔

تمام سینیٹ ملازمین کے لئے چیئرمین صادق سنجرانی کا نیا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ سینیٹ ملازمین کو 3 اپریل تک نئی ہدایات پر فوری عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیشنل، جوائنٹ اور ڈپٹی سیکرٹریز کو بھی متبادل ڈیوٹیاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایوان بالا کی خواتین ملازمین کو بھی دفتر آنے سے استثنی مل گیا۔ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور سیکیورٹی کے آفسز معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کر دی گئی، سینیٹ آفس کے ملازمین نو سے دو بجے تک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔