کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے فوری طور کرونا وائرس سے نمٹنے کےلئے پہلے مرحلے میں تمام اقدامات مکمل کر لیے جبکہ فیس ماسک اور ٹیسٹ کٹس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی، تعلیمی اداروں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے ۔
بلوچستان حکومت نے ایران میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کوئٹہ کے فاطمہ جناح، جنرل اور شیخ زید ہسپتال میں فوری طورپر آئیسولیشن وارڈز قائم کر دیئے، ایران جانے والوں پر مکمل پابندی لگانے کے بعد تفتان بارڈرپر قائم پاکستان ہاوس میں کوارنٹائن سینٹر بنایا جہاں 4400 زائرین مقیم ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کے لئے کوئٹہ کے ایک نجی ہسپتال کی خدمات حاصل کرلی ہیں، کرونا وائرس کے ممکنہ خطرے سے بچنے کے لئے وزیر تعلیم نے بلوچستان کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی بندش میں31 مارچ تک کی توسیع کردی ہے۔
بلوچستان میں ابتک صرف ایک کرونا وائرس کا کیس رپورٹ ہوا ہے، متاثرہ مریض ایران سے سفر کر کے یہاں آیا، محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔