وزیراعظم عمران خان نے 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Last Updated On 11 March,2020 10:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقہ اپنا ذاتی گھر نہیں بنا سکتا، ہم کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو فلیٹس بنا کر دیں گے۔

تفصیل کے مطابق اسلام آباد میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں۔ حکومت اتنے گھر نہیں بنا سکتی، پرائیویٹ سیکٹر آگے آئے گا۔ تعمیراتی صنعتوں کے لیے آسانیاں پیدا اور ہر ممکن تعاون کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ میں 80 فیصد گھر قرضہ لے کر بنائے جاتے ہیں۔ عوام کو گھروں کی تعمیر کیلئے ہم بینکوں سے فنانسنگ کی سہولت بھی دی جائے گی۔ نیا گھر ہاؤسنگ سکیم سے 40 صنعتیں چلیں گی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ 2020ء میں لوگوں کو نوکریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہنگائی کم ہو رہی ہے، انشاء اللہ شرح سود بھی نیچے آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کسی نے بھی سڑکوں پر سونے والوں کا کبھی کسی نے نہیں سوچا تھا۔ ہم نے ان کے لیے پناہ گاہیں بنائیں جن کی اس وقت تعداد 160 ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہروں کے پھیلاؤ سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو فلیٹس بنا کر دیں گے جبکہ شہروں کے اردگرد گرین ایریاز بنائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہروں کے پھیلنے سے دو نقصان ہو رہے ہیں، ایک آلودگی اور دوسرا اناج کا مسئلہ ہے۔ پاکستان میں آگے فوڈ سیکیورٹی کا بڑا ایشو آنا ہے۔