کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان کی سرحدوں پر منڈلانے والے خطرناک کرونا وائرس سے بچاو کے لئے پاک ایران سرحد آج آٹھویں روز بھی بند جبکہ زائرین، مسافر اور تاجروں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے جنہیں مکمل اسکریننگ کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی۔
ایران میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاک ایران بارڈر آج آٹھویں روز بھی بند ہے جس کے باعث دوطرفہ تجارت کا پہیہ جام ہو گیا۔ تاہم زائرین اور پاکستانی باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گزشتہ روز پاک ایران تفتان بارڈر سے 709 افراد پاکستان میں داخل ہوئے جن میں 510 زائرین جبکہ 199 تاجروں سمیت دیگرافراد شامل ہیں۔
تمام مسافروں کی اسکریننگ مکمل کرنے کے بعد زائرین کو تفتان میں پاکستان ہاوس قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ تفتان میں قائم پاکستان ہاوس میں مقیم زائرین کی تعداد 7 سو ہو گئی۔ محکمہ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق تمام زائرین کو خیمے، کمبل، ماسک، خوراک اور دیگر اشیاء فراہم کر دی گئیں۔ تمام زائرین کی ہر 48 گھنٹوں کے بعد اسکرینگ کا عمل جاری ہے۔