27 فروری: پاکستان کے ہاتھوں بھارتی ہزیمت کی یادگار تیار، میڈیا کا دورہ

Last Updated On 26 February,2020 01:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 27 فروری 2019 تاریخ ساز دن کی مناسبت سے ایل او سی پر بھمبر میں پاکستان کے ہاتھوں بھارتی ہزیمت کی یادگار تیار کر لی گئی جہاں میڈیا کا دورہ کرایا گیا۔

پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دفاع وطن کیلئے کمال یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا دہلا دینے والا جواب دیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو ہر محاذ پر شکست فاش دی۔ دشمن نے پاکستان کا رخ کیا تو مسلح افواج نے اسے دبوچا اور زمین پر دے مارا، بھارتی تباہ شدہ مگ 21 کا پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن گرفتار ہوا۔

ایل او سی پر بھارتی دہشتگردی کا شکار آبادی نے اپنا غصہ بھارتی پائلٹ پر نکالا جبکہ پاک فوج نے بھارتی پائلٹ کو مقامی آبادی کے غیض و غضب سے بچایا، پاکستانی مسلح افواج نے جنگی ماحول میں بھی تمام عالمی قوانین کی مکمل پاسداری کی، پاکستان نے تمام انسانی، اخلاقی اور سفارتی تقاضے پورے کئے۔

اس تمام صورتحال میں دنیا نے بھارتی جارحیت دیکھی اور پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ بھی دیکھا۔