اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاکستان مخالف مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
ان خیالات کا اظہار عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو سفارتی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی
اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران پاکستان سے متعلق بیان کا تذکرہ ہوا، کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ مودی ٹرمپ سے پاکستان مخالف بیان دلوانے میں ناکام رہا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف بڑی سفارتی کامیابی ہے، بھارت کے پاکستان مخالف مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی شہر گجرات میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اچھا دوست ہے جس کیساتھ تعلقات بہت ہی شاندار ہیں۔ جب سے دفتر سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران کابینہ کو ہنرمند پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی، پروگرام کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار بچوں کو ہنر فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بینظیر ائیر پورٹ کے اطراف میں کثیر المنزلہ تعمیرات کی اونچائی کے حد کا تعین کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ سید محمد مہر علی شاہ کی بطور کمشنر انڈس واٹر مدت ملازمت میں تین ماہ توسیع کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ) کے سربراہ سردار اختر مینگل اور سینٹر جہانزیب جمال دینی کے لیے ممنوعہ بور لائسنس اجراء کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران سکندر خان ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بطور جج انسداد منشیات تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کے تحفظ کے بل کی منظوری دی گئی۔