خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر، اپوزیشن اراکین اپنا لاؤڈ سپیکر لے آئے

Last Updated On 24 February,2020 06:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) اپوزیشن اراکین نے مائیک بند کرنے کا حل ڈھونڈ لیا، ایوان میں اپنا لاؤڈ سپیکر ساتھ لے آئے۔ ایوان مخالف نعروں سے گونج اٹھا۔ اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیاں بھی تحلیل کر دی گئیں۔

تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ترقیاتی فنڈز کی تقسیم پر اختلاف مزید بڑھنے لگے ہیں۔ اسمبلی اجلاس کے دوران مائیک بند کرنے کا حل نکالتے ہوئے اپوزیشن اراکین لاؤڈ سپیکر ایوان میں ساتھ لے آئے۔ احتجاج کے دوران اپوزیشن اراکین نے ایک بار پھر سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا۔

اسمبلی اجلاس اسپیکرمشتاق غنی کی صدارت میں ایک گھنٹہ تاخیرسے شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے ایوان میں لاؤڈ سپیکر لا کر نعرے لگانے پر سپیکر نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکورٹی اہلکاروں کو تاکید کی کہ کسی بھی ایسی چیز کو ایوان میں نہ لانے دیا جائے۔

اپوزیشن کے احتجاج کے دوران ہی خیبر پختونخوا فنانس ترمیمی بل 2020ء ، خیبر پختونخوا یونیورسٹی ترمیمی بل، حصول اراضی اور گلیات ڈیویلمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل منظور کر لیے گئے۔

سابق فاٹا ارکان کو نمائندگی دینے کے لیے اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیاں تحلیل کر دی گئیں۔ سپیکر نے اپوزیشن کے شدید احتجاج کے دوران اجلاس منگل کے روز تک ملتوی کر دیا۔