اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ترکی سے ہمارا لگاؤ تاریخی ہے، اقتصادی اور معاشی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، طیب اردوان پاکستان کے سچے دوست ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا رجب طیب اردوان مسلم امہ کے اہم رہنما ہیں، گزشتہ سال اگست میں بھارت نے جس طرح آئین کو پامال کر کے کشمیر کو اپنی آبادی میں تبدیل کیا اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، جس بے باکی اور دلیری سے مرد مجاہد نے کشمیریوں کی ترجمانی کی وہ آپکی ذات ہے۔
بعدازں ترک صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ترک پاکستان تعلقات سب کے لئے قابل رشک ہیں، پاکستان اور ترکی مشترکہ مذہب، ثقافت اور اقدار کے حامل ہیں، کشمیر ہمارے لئے وہی ہے جو آپ کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا تحریک آزادی میں برصغیر کے مسلمانوں کا جذبہ نا قابل فراموش ہے، کشمیر ہمارے لیے وہی ہے جو آپ کیلئے ہے، ہماری دوستی عشق اور محبت سے پروان چڑھی ہے۔