اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف شدید بیماری کا بیان دے کر لندن گئے، ابھی تک ہسپتال داخل نہیں ہوئے، دیگر قیدیوں کی بیٹیاں سوال کر رہی ہیں کہ ان سے امتیازی سلوک کیوں ؟ قانون کی عملداری یقینی بنائیں گے، خواہشات کی بلی نہیں چڑھائیں گے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ لیگی رہنما سیاہ کو سفید نہیں کر سکتے، حمزہ شہباز کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں، سچائی سے بھاگنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے، عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا، قوم کے سامنے سچائی آکر رہے گی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نے بھی قطری خط کا درجہ حاصل کرلیا ہے، کہتے ہیں جب تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوتے میڈیکل رپورٹس نہیں بھجواسکتے، شریفوں نے قواعد و ضوابط سے جو کھلواڑ کیا، اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ اب میاں صاحب کے پلیٹ لیٹس کی خبر کی بجائے لندن کے ریستوران سے پلیٹوں اور چمچوں کی کھنک سنائی دیتی ہیں، میڈیکل رپورٹ کے ساتھ مریض کا مینیو کارڈ بھی قوم کو بتایا جائے تا کہ قوم کو حقائق کا پتہ چل سکے۔