اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے کرونا وائرس سے متعلق ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے چین میں موجود پاکستانی شہریوں کو سفارتخانے کی ویب سائٹ سے معلومات لینے کی ہدایت کر دی ہے۔
دفتر خارجہ نے چین میں مقیم پاکستانی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ چین میں پاکستانی شہری محفوظ ہیں۔ تاہم سفارتخانے کی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ کروا کر گاہے بگاہے اپ ڈیٹ بھی لیتے رہیں۔
دوسری جانب واہگہ کے راستے پاکستان آنے والے ہانگ کانگ کے اکہتر شہریوں کی مکمل سکریننگ کی جا چکی ہے۔
ادھر چین میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن پاکستانیوں کے ویزے کی معیاد ختم ہو رہی ہے، ان کے ویزوں میں بھی توسیع کی جا رہی ہے۔
چینی شہر ووہان میں پاکستانیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے مکمل تعاون کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی شخص میں وائرس کی تصدیق کی صورت میں مقامی انتظامیہ اور پاکستانی سفارتخانے کو فوری آگاہ کیا جائے جبکہ سوشل میڈیا پر سنسنی خیز خبروں پر زیادہ توجہ نہ دیں۔