اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کو منانے کی کوششیں تیز کر دیں، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسد عمر کل وفد کے ہمراہ ایم کیو ایم سے ملاقات کریں گے۔
وفاقی حکومت کا ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اسدعمر کی سربراہی میں حکومتی وفد جلد ایم کیوایم لیڈر شپ سے ملاقات کریگا۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ سے بھی رابطہ کیا ہے جس کے بعد سندھ کی مقامی لیڈرشپ بھی ایم کیوایم سے ملاقات کرے گی۔
وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا ہے ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات جائز ہیں، کیے گئے تمام وعدے وفا کریں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی بہترین اور بااعتماد اتحادی ہے، کراچی ملک کی معاشی حب ہے، کراچی کو کسی صورت نظراندازنہیں کرسکتے۔ کراچی کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔