کراچی میں افسوسناک حادثہ، گاڑی میں آتشزدگی سے بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

Last Updated On 11 January,2020 08:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) عینی شاہدین کے مطابق آگ گاڑی اور رکشے کے ٹکرانے سے لگی، حادثے کے بعد زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا مگر بچوں سمیت 7 افراد جانبر نہ ہو سکے۔

تفصیل کے مطابق کراچی سے ایک انتہائی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں گاڑی اور رکشے کی ٹکر سے لگنے والی آگ سے 7 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ایدھی کی ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم آتشزدگی میں جھلسنے والے بچے اور دیگر افراد جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ حادثے کی سامنے آنے والی ابتدائی فوٹیج کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ سلنڈر پھٹنے سے پیش آیا۔

ادھر پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چار افراد کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ واقعے کی مزید جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پہلے آگ ہائی روف میں لگی، رکشا نے پیچھے سے گاڑی کو ٹکر ماری۔ واقعے کی مزید جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ جائے وقوع پر بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اس افسوسناک حادثے میں پانچ زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تمام مرنے والوں کی لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔ مرنے والوں میں دو بچے، خاتون اور مرد بھی شامل ہیں۔

ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کا میڈیا سے گفتگو میں بتانا تھا کہ ابتدائی طور پر حادثے کا شکار فیملی سرجانی ٹاؤن کی بتائی جا رہی ہیں۔ دو سگے بھائی اپنی فمیلی کیساتھ گلشن اقبال ضیا کالونی میں شادی کی تقریب میں جا رہے تھے۔ حادثے کی مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔