اسلام آباد, ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی جانب سے جاری یہ فنڈ پاکستان کے چھوٹے کاروباری افراد اور انٹر پرینیورز پر خرچ ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کو مقبوضہ کشمیر میں طویل لاک ڈاؤن اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف شہریت کے امتیازی قانون سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ملاقات میں مسلم امہ کے مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
معاشی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کے لئے بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں قریبی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ولی عہد نے پاکستان اور یو اے ای تعلقات کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی تیز رفتار ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل پاکستان پہنچنے پر وزیراعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد کا نور خان ایئر بیس پر پُرتپاک استقبال کیا اور معزز مہمان کی گاڑی خود ڈرائیو کی۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس کے بعد وہ واپس وطن روانہ ہو گئے۔
ادھر پاکستان میں قائم اماراتی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی ہدایت پر پاکستان میں 40 منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں شروع کیے گئے منصوبوں کی لاگت 73 کروڑ درہم ہے۔ ان منصوبوں کی رقم ابوظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ سے جاری کی جا رہی ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطبق خصوصی فنڈ کا قیام ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران عمل میں آیا۔ اس فنڈ سے پاکستان کو معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے خصوصی فنڈ پر متحدہ عرم امارات کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔