ریلوے سٹیشنز اور ٹرینوں میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی

Last Updated On 29 December,2019 09:59 pm

لاہور: (آن لائن) آئی جی پولیس ریلوے آفس نے تمباکو نوشی پر پابندی سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریلوے سٹیشنز اور دفاتر میں تمام اقسام کی تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام ریلوے سٹیشنز اور دفاتر پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ پابندی امتناع تمباکو نوشی آرڈیننس 2002ء کے تحت عائد کی گئی ہے۔ تمباکو نوشی پر پابندی کا فیصلہ وزارت قومی صحت کی سفارش پر کیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق ریلوے سٹیشنز کی حدود میں تمام اقسام کی تمباکو نوشی پر پابندی ہوگی۔ ریلوے سٹیشنز پر دکاندار، ویٹرز، ہاکر اور قلی تمباکو نوشی نہیں کر سکیں گے۔

قانون شکن کے خلاف امتناع تمباکو نوشی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔ امتناع تمباکو نوشی آرڈیننس کے تحت ٹرینیں پبلک ٹرانسپورٹ ہیں۔ وزارت ریلوے کے افسران قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کے مجاز مقرر کیے گئے ہیں۔

ٹرین ڈرائیور، کنڈیکٹر، گارڈ اور ویٹنگ روم مینجر مجاز افسران ہوں گے۔ ریلوے پولیس کا اے ایس آئی اور بالا رینک افسر کارروائی کا مجاز ہوگا جبکہ پولیس متعلقہ ریلوے سٹیشن پر قانون پر عمل درآمد کے لیے ذمہ دار ہوگی۔