جنیوا: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد کو فون کرکے کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرنے اور اس حوالے سے سعودی عرب کے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران ملائیشیا میں ہونیوالی 6 اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس پر سعودی عرب کی قیادت نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی قیادت میں 19 سے 21 دسمبر تک کوالالمپور میں اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد ہوگی۔ ‘‘قومی سلامتی کے حصول میں ترقی کے کردار’’ کے مرکزی موضوع پر کانفرنس میں میزبان ملک کے علاوہ انڈونیشیا، قطر اور ترکی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی، انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو سمیت 52 ممالک کے رہنما، سکالرز، علما اور مفکرین کی شرکت کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ ملائیشیا بھی منسوخ
دوسری جانب سوئٹرزلینڈ کے شہر جینوا میں وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔