کوالالمپور : (ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ’دباؤ‘ کے باعث ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی۔ پاکستان کو معاشی دشواریوں کے باعث سعودی عرب کی خواہشات پر عمل کرنا پڑا۔
ترک میڈیا کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے سعودی عرب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی وجہ سے کوالالمپور سمٹ سے پیچھے ہٹا، سعودی عرب نے پاکستانی کو معاشی دھمکی دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے لیے پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مخصوص معاملات پر دباؤ ڈالا ہو۔ سعودی حکومت نے دھمکی دی کہ 40 لاکھ پاکستانی ورکرز کو واپس بھیج دیا جائے گا اور ان کی جگہ بنگلا دیش کے شہریوں کو ویزے دیئے جائیں گے۔ پاکستان کو معاشی دشواریوں کے باعث سعودی عرب کی خواہشات پر عمل کرنا پڑا۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حوالے سے بھی سعودی عرب کے کچھ وعدے ہیں، سعودی عرب پہلے بھی اس طرح کی حرکت کرتا رہا ہے۔
انڈونیشیا کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے اردوان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا کے ساتھ بھی اسی طرح کے معاملات ہیں۔
یاد رہے کہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں مسلم ممالک کے رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جہاں دنیا بھر میں مسلمانوں کے مسائل اور دیگر امور پر غور کیا جارہا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تحفظات کے سبب چار روزہ اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔