مشرف کو سزا سے سرحد پر کھڑے ہر سپاہی کو دکھ ہوا: چودھری شجاعت

Last Updated On 18 December,2019 03:12 pm

گجرات: (دنیا نیوز) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مشرف کو سزا سے سرحد پر کھڑے ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے اس سپاہی کے جذبات کی بھی تشویش ہونی چاہیے۔

سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا اس فوجی پر کیا بیتے گی جب اس کے سپہ سالار کو غدار کہا جا رہا ہے، ہمارے فوجی جوانون نے وطن عزیز کا دفاع کیا، کسی بھی ملک کا آرمی چیف آسانی سے نہیں بنتا، مشرف ہو یا کوئی اور فوجی، جنرل کے عہدے تک پہنچنے کیلئے قابلیت، احساسات اور ملک و قوم سے محبت کے جذبات اس میں کوٹ کوٹ کر بھرتے ہوتے ہیں۔

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا 1947ء سے آج تک ہزاروں مثالیں ملتی ہیں کہ ہمارے فوجی جوانوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں اور وطن عزیز کا دفاع کیا، کچھ لوگ اپنی جھوٹی اور جعلی قابلیت کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، فوج کے خلاف اپنے ڈرائنگ رومز اور ٹی وی شوز میں بیٹھ کر مباحثوں کے دوران وہ اپنی جھوٹی قابلیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔