نااہل حکومت نے ملک کو بدترین حالات کی دلدل میں دھکیل دیا: مریم اورنگزیب

Last Updated On 14 December,2019 08:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نالائق اور نااہل حکومت نے پاکستان کو بدترین حالات کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر کے بی آرٹی میں غلطیاں تسلیم کرنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‎بی آرٹی میں غلطیاں تسلیم کرنے کے بجائے عمران صاحب وزیروں مشیروں سمیت استعفی دیں، معشیت کا دیوالیہ نکال کر روٹی، روزگار، کاروبار اور صنعت بند کر کے غلطی ہو گئی کہہ کر بھاگ جائیں گے لیکن اب بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نالائق اور نااہل حکومت نے پاکستان کو بدترین حالات کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، ‎عمران صاحب ملک کا بیڑہ غرق کرکے یہ ہی کہیں گے کہ غلطی ہوگئی، پوری نالائق حکومت پر کیس بنایا جائے۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ‎وزیراعظم 125 ارب میں سکول اور ہسپتال بن جاتے غلطی ہو گئی کہنے سے معافی نہیں ملے گی، ‎شہبازشریف نے 90 ارب میں چار میٹروز بنائیں، کنٹینر پر کھڑے ہوکر شہبازشریف کی میٹروز پر تنقید اور 125 ارب کے کھڈوں پر کہتے ہیں کہ غلطی ہو گئی؟

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‎ایک سو پچیس ارب کے کھڈے کھود کر کہتے ہیں کہ غلطی ہو گئی؟ کوئی شرم، کوئی حیاء کوئی استعفی؟ ‎قوم خبردار رہے! عمران صاحب نے ملک کا سوا ستیاناس کر کے ایک دن اسی طرح غلطی تسلیم کرتے ہوئے فرار ہو جانا ہے، ‎جن چند پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا، وہ توبہ کرتے ہوئے آج اللہ تعالی سے اپنی غلطی کی معافی مانگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 16 ہزار ارب کا تاریخی قرض، 14 فیصد مہنگائی، ترقی کی شرح اڑھائی فیصد اور کہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی؟ ‎بجلی کی قیمت میں 100 اور گیس کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ اور کہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی؟ ‎خیبرپختونخوا احتساب کمشن کو تالا لگادیا اور کہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی؟ ‎طالب علموں سے تعلیم، مریضوں سے مفت علاج اور عوام سے روٹی روزگار چھین کرکہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی؟