لاہور: (دنیا نیوز) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات کیس میں رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 دسمبر تک تو سیع کر دی۔ سابق وزیر قانون کو امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مقدمے پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ خان کے خلاف مقدمے کی سماعت کی تو سابق صوبائی وزیر قانون کو اُن کا جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش نہیں کیا۔ ڈی ایس پی جوڈیشل نے درخواست دی اور موقف اختیار کیا امن و امان کی صورت حال کی وجہ سے رانا ثناء اللہ کو عدالت میں پیش کرنا ممکن نہیں ہے اس لیے اُن کی حاضری سے استثنی دیا جائے۔
انسداد منشیات کی عدالت کے جج شاکر حسن نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اسے منظور کر لیا اور رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 دسمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر رانا ثناء اللہ کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سابق وزیر قانون سے ملاقات کرنے کیلئے ان کی بیوی اور داماد بھی انسداد منشیات کی عدالت پہنچے اور رانا ثناءاللہ کے پیش ہونے کا انتظار کیا لیکن سماعت ملتوی ہونے پر بغیر ملاقات ہی واپس چلے گئے۔