مریم نواز کا ای سی ایل سے نام نکالنے کا معاملہ، حکومت کو 7 روز میں فیصلے کا حکم

Last Updated On 09 December,2019 08:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار مسترد کر دی گئی، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو وزارت داخلہ سے رجوع کرنے اور حکومت کو معاملہ 7 روز میں‌ نمٹانے کا حکم دیا ہے.

لاہور ہائیکورٹ میں آج مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کا الزام لگا کر مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، ان کا موقف تک نہیں سنا گیا جو ایگزٹ کنٹرول لسٹ آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت کو اس حوالے سے درخواست نہیں دی، عدالت سے بہتر ہمارے پاس کوئی فورم نہیں۔ عدالت نے شہبازشریف کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے رکھا ہے۔

جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ مریم نواز آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت وفاقی حکومت کے سامنے ریویو فائل کر سکتی ہیں، عدالت نے مریم نواز کے وکیل کو ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔ فاضل عدالت نے وفاقی حکومت کو مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر 7 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔