لاہور: (دنیا نیوز) اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹرائل کی دھوم دھام سے تیاری تاہم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شرکت سے معذرت کرلی، وزیر ٹرانسپورٹ ٹرائل کی تقریب میں شریک ہوں گے، مسلم لیگ ن نے بھی روٹ پر جشن منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔
وزیراعلیٰ کی مصروفیات، مسلم لیگ ن کی جشن کی کال یا معاملہ کچھ اور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی ٹرائل کی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی۔ 10 دسمبرکو وزیراعلیٰ نے پنجاب کابینہ کا اجلاس صبح 11 بجے طلب کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس اور دیگر مصروفیات کے باعث وزیراعلیٰ تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔
صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی آزمائشی ٹرائل کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ 2 روز قبل وزیراعلیٰ نے اورنج ٹرین کے آزمائشی ٹرائل کی تقریب میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے منگل کے روز ہی اورنج ٹرین کے روٹ پر جشن کی کال دے رکھی ہے۔ مسلم لیگ ن کا مطالبہ ہے کہ منصوبہ مسلم لیگ ن کا ہے، وزیراعلیٰ کو افتتاح کا حق نہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک بار پھر اسلام آباد بلا لیا، سوموار کو ملاقات کے دوران صوبے کے انتظامی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوگا جبکہ سردار عثمان بزدار کرپشن کے خلاف شکایات کیلئے ایپ کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔