'عثما ن بزدار نے ایک سال میں وہ کارنامہ کیا، جو ماضی میں کسی نے نہیں کیا'

Last Updated On 03 December,2019 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سردار عثما ن بزدار نے ایک سال میں وہ کارنامہ کیا، جو ماضی میں کسی نے نہیں کیا، مولانا فضل الرحمان کو حلوہ اور مال کھانے کا شوق ہے، وہ ہر محاذ پر رسوا ہوئے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سابق حکومت نے ملک کو 21 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا، وزیراعلیٰ پنجاب نے 60 فیصد اخراجات کم کر دیئے، شہباز شریف کے رشتے داروں پر 2 ہزار سے زائد اہلکار تعینات تھے، ان کے 8، 8 کیمپ آفس تھے، شہباز شریف کا ایک کیمپ آفس بھی لاہور میں نہیں تھا، عثمان بزدار نے خاموشی کے ساتھ کام کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک بھی کیمپ آفس نہیں ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا عثمان بزدار نے پہلے سال 55 کروڑ کے اخراجات کم کیے، سوا 9 لاکھ کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی، طلال چودھری، دانیال عزیز، جاوید لطیف جیسے لوگ قابض تھے، ایک سال میں ساڑھے 10 ارب روپے قرض واپس کیا، جنوبی پنجاب کیلئے 35 فیصد بجٹ مختص کیا گیا، بے سہارا لوگوں کیلئے شیلٹر ہومز بنائے گئے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا پنجاب میں ضلعی، صنعتی، سپیشل ایجوکیشن پالیسی منظور ہوئی، پہلے سال ہی پنجاب میں 9 یونیورسٹیوں کی تعمیر شروع ہوئی، شیر شاہ سوری کی طرح عثمان بزدار کی بھی تعریف ہونی چاہیئے، پہلے سال ہی 9 ہسپتالوں کی تعمیر شروع ہوگئی، پہلی بار پنجاب میں سرکاری لنگر خانے کھولے گئے۔