جتنا غیر جانبدار الیکشن کمیشن ہوگا اتنی جمہوریت مضبوط ہو گی: شوکت یوسفزئی

Last Updated On 03 December,2019 02:08 pm

پشاور: (دنیا نیوز) شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ جتنا غیر جانبدار الیکشن کمیشن ہوگا اتنی جمہوریت مضبوط ہو گی، عمران خان واحد سیاستدان ہیں جس نے تمام ریکارڈ پیش کیا۔

پشاور میں معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سیاست سے بالاتر ہو اور غیر جانبدار رہے تو جمہوریت کے لئے بہتر ہو گا، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے فارن فنڈنگ کیس میں سب سے زیادہ دستاویزات دیئے، احتساب سب کا ہونا چاہیے صرف پی ٹی آئی کو ٹارگٹ نہیں کرنا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا معذور افراد کو معاشرے میں وہ مقام دیا جائے گا جو ان کا حق ہے، معذور افراد کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہے، پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 15 فیصد ہے جو بہت زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2021 بی آر ٹی کے منصوبے کی تکمیل کی تاریخ ہے اگر 2020 میں مکمل ہو جائے تو اچھی بات ہے، بی آر ٹی بڑا منصوبہ ہے جس کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔