وزیراعظم سے بین الاقوامی تنظیم اسلامک ریلیف ورلڈ وائڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات

Last Updated On 02 December,2019 10:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے انسانیت اور ترقی کے حوالے سے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم اسلامک ریلیف ورلڈ وائڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر حامد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی بالخصوص صحت، آفات کے خدشات میں کمی، فراہمی آب ونکاسی، تعلیم اور موسمی تغیر کے شعبوں میں تعاون کے لئے آئی آر ڈبلیو کے کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بلا تفریق معاشرے کے تمام طبقات کی پائیدار ترقی اور شمولیت کے وژن کا تبادلہ کیا اور حکومت کے فلیگ شپ احساس پروگرام کے ساتھ آئی آر ڈبلیو کی شراکت کی حوصلہ افزائی کی۔

آئی آر ڈبلیو کے سربراہ ناصر حامد نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومتی ترجیحات کے تناظر اور حکومت کے ساتھ مشاورت کے ذریعے منصوبوں کے اجرا اور تیاری کے ذریعے پاکستان کے عوام کی بہتری کے لئے آئی آر ڈبلیو اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

آئی آر ڈبلیو اسلامی دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی این جی او ہے جو دنیا بھر کے 47 ممالک میں کام کر رہی ہے اور پاکستان میں 1992ء سے یہ خدمات انجام دے رہی ہے اور اس کا صدر دفتر برطانیہ میں ہے۔