لندن بریج پر فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، نواز شریف طبی معائنہ نہ کرا سکے

Last Updated On 29 November,2019 11:47 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں لندن بریج پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف اپنا طبی معائنہ نہ کرا سکے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن بریج کے قریب فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے، پولیس کی کارروائی میں ایک حملہ مارا گیا جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم واقعہ میں زخمی ہونے والے دو افراد بھی چل بسے ہیں۔جبکہ مرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔

 فائرنگ کے بعد لندن بریج کو سیل کر دیا گیا، پولیس کی بھاری نفری نے لندن بریج اسٹیشن کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بریج ہسپتال کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے نگرانی جاری ہے۔

حملے کے دوران دو زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور زندگی کی بازی ہار گئے۔ حملہ آور نے جعلی خود کش جیکٹ پہنا ہوا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اُدھر برطانوی پولیس نے حملے کو دہشتگردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔

لندن بریج میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف جو چیک اپ کے لیے ہسپتال جا رہے تھے طبی معائنہ نہ کرا سکے اور چیک اپ کرائے بغیر گھر واپس لوٹ گئے۔