یوسف نسیم پی ٹی آئی کے بجائے ق لیگ کے قریب، وزیر اعلیٰ کے کہنے پر تبادلہ

Last Updated On 27 November,2019 09:05 am

اسلام آباد: (طارق عزیز) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزرا اور ارکان اسمبلی کی شکایت پر تبدیل کیا گیا ہے، جنہیں گلہ تھا کہ چیف سیکرٹری تحریک انصاف کے بجائے (ق) لیگ کی طرف زیادہ جھکاؤ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات میں چیف سیکرٹری تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کو (ق) لیگ کی قیادت کی سفارش پر تعینات کیا گیا تھا۔ یوسف نسیم چودھری برادران کے قریبی اور قابل اعتماد بیوروکریٹ سمجھے جاتے ہیں۔ دو روز قبل جب وزیراعظم نے پنجاب میں کارکردگی اور گڈ گورننس کے حوالے سے عثمان بزدار سے اظہار برہمی کیا تو انہوں نے شکایت کی کہ صوبے کے انتظامی سربراہ چیف سیکرٹری حکومتی امور چلانے میں تعاون نہیں کر رہے، اسی طرح وزرا اور ارکان اسمبلی کو بھی شکایت تھی کہ ہمارے جائز کام نہیں ہو رہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا کہ وزیراعلیٰ کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبہ میں اپنی مرضی سے مزید تبدیلیاں کریں، وفاق سے مداخلت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی سیاسی مداخلت کو آڑے آنے دیں۔ سیاسی سفارشیوں سے اجتناب کریں، میرٹ اور اہلیت پر صوبے میں انتظامی تبدیلیاں کی جائیں تاہم یہ سب کچھ گڈ گورننس اور کارکردگی میں اضافہ سے مشروط ہونا چاہیے۔