جمعیت علمائے اسلام سمیت اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف مظاہرے جاری

Last Updated On 22 November,2019 05:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام پلان سی پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان مظاہروں میں ن لیگ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن شریک تھے۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر اپوزیشن نے احتجاجی جلسہ کیا جس میں جے یو آئی، اے این پی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکن شریک ہوئے، شرکا نے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔

متحدہ اپوزیشن کی اپیل پر لاہور میں بھی مہنگائی کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔ مسلم لیگ ن، جے یو آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکن پارٹی پرچم اٹھائے شریک ہوئے۔ شرکا نے اپنے ہاتھوں میں سبزیاں بھی اٹھا رکھی تھیں۔

چمن میں بھی پلان سی پر عمل کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، اے این پی اور ن لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔ دیگر شہروں میں بھی اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے زیر اہتمام پلان سی کے تحت کوئٹہ کے باچا خان چوک پر بھی احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں جے یو آئی، پشتونخوا میپ، نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں کے عہدیدار اور کارکن شریک ہوئے۔