نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست موصول

Last Updated On 08 November,2019 02:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست موصول ہوگئی، درخواست شریف فیملی کی جانب سے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کا بیرون ملک علاج کے لئے درخواست دی گئی۔ شریف فیملی نے حتمی مشاورت کے بعد شہباز شریف کو درخواست کا ٹاسک دیا تھا۔ شریف سٹی ہسپتال کے بورڈ نے بھی نواز شریف کے بیرون ملک علاج کی سفارش کر دی ہے۔

مسلم لیگ نون ذرائع کے مطابق نواز شریف کا رضامند ہونا یا نہ ہونا اہم نہیں، یہ ان کی زندگی کا معاملہ ہے، نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لئے جانا ہی پڑے گا، یہاں علاج نہیں ہو پا رہا۔ 

ادھر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف کی صحت بہت خراب ہے، ان کے پلیٹ لیٹس ادویات سے بھی بہتر نہیں ہو رہے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس گزشتہ روز بھی گر گئے، ان کی بیماری کی تشخیص نہیں ہو رہی، سیاست چلتی رہے گی، والدین دوبارہ نہیں ملتے، بڑی مشکل سے آج عدالت پیش ہوئی۔