پی ایس 86 ضمنی انتخابات: پیپلز پارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا

Last Updated On 07 November,2019 09:37 pm

دادو: (دنیا نیوز) سندھ کے ضلع دادو میں ہونے والے پی ایس 86 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور موجودہ وزیراعلیٰ سیّد مراد علی شاہ کے چچا زاد بھائی سیّد صالح شاہ جیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار امداد لغاری کو ہرایا۔ فاتح امیدوار نے 42254 جبکہ ہارنے والے امیدوار نے 25555 ووٹ حاصل کیے۔

الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے جیالوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے۔

پی ایس 86 ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ ضمنی انتخابات کے لیے حلقے میں 158 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے جن میں سے 60 کو حساس جبکہ 16 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 825 ہے۔ ضمنی انتخاب کے لیے 1300 پولیس اہلکار جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے 1100 اہلکار تعینات کیے گئے۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسیمبلی غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد پی ایس 86 جوہی میں خالی نشست پر دوبارہ ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے چچا زاد بھائی سیّد صالح شاہ پیپلز پارٹی جبکہ امداد لغاری تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔ پی ایس 86 ضمنی انتخاب کے لیے ضلع بھر میں عام تعطیل رہی۔