قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز سیشن آج، دھرنے پر ایوان کا ماحول گرم ہونے کا امکان

Last Updated On 07 November,2019 02:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، آزادی مارچ اور دھرنے پر ایوان کا ماحول گرم ہونے کا امکان ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے صدارتی آرڈیننس کے اجرا، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور نیب کی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کا امکان ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تاحال گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے جا سکے۔

قومی اسمبلی دھرنا سے پیدا صورتحال، مہنگائی اور دیگر امور پر بحث کرے گی، ایوان میں صدر مملکت کے خطاب پر اظہار تشکر کی قرارداد منظور کی جائے گی، آئین میں ترمیم کا بل اور گروی جائیدادوں سے متعلق آرڈیننس پیش کیا جائے گا۔ ایوان میڈیکل ٹریبونل بل 2019 سے متعلق تحریک پر بھی بحث ہو گی، ڈاکٹر شیریں مزاری اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سینئر سیٹزن بل پیش کریں گی۔

وفاقی وزیر مراد سعید نیشنل ہائی ویز سیفٹی ترمیمی بل پیش کریں گے، وزیر داخلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کریں گے، ایوان قائمہ کمیٹیوں کی مختلف بلوں پر رپورٹس کا بھی جائزہ لے گا۔ قومی اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت، اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے الگ الگ اجلاس ہونگے جن میں قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔