ضمنی انتخابات میں فوج تعینات نہ کرنے کی پیپلزپارٹی کی درخواست مسترد

Last Updated On 06 November,2019 06:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دادو ضمنی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے 2018ء کے انتخابات میں فوج کی تعیناتی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے کی گئی۔ الیکشن کمیشن آرٹیکل 218 کے تحت شفاف انتخابات کرانے کا پابند ہے اور آرٹیکل 220 کے تحت وفاقی اور صوبائی حکام الیکشن کمیشن احکامات کے پابند ہیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے پی ایس 86 دادو میں فوج تعینات نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی حکومتوں کا اثر ورسوخ کا تاثر زائل کرنے کے لیے فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔