میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے: چیئرمین نیب

Last Updated On 31 October,2019 02:23 pm

سکھر: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، بد عنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے نیب سکھر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیب سکھر کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جاوید اقبال کا کہنا تھا سکھر آفس نے نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا، نیب سکھر کی کارکردگی ڈی جی نیب عرفان بیگ کی نگرانی میں شاندار ہے، کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے افسران اپنی کاوشیں دوگنا کریں۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا گزشتہ 23 ماہ میں بدعنوانی کے 600 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کیے، 23 ماہ میں قوم کے لوٹے گئے 71 ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے، نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، نیب فیس نے بلکہ کیس دیکھتا ہے۔