اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت ایک بار پھر کینٹینرز کے حصار میں آ گیا ہے۔ شہر کے تمام داخلی راستے جزوی طور پر سیل کر دئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس سمیت 21 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات، ریڈ زون کی حفاظت کے لیے تین حصار قائم کر دئیے گئے۔
کشمیر ہائی وے کو مختلف مقامات پر کینٹیرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ ٹی چوک، ایکسپریس وے اور ترنول سے آنے والے راستوں پر بڑی تعداد میں کینٹینرز رکھ دئیے گئے ہیں۔
یہ تمام راستے کسی بھی وقت مکمل طور پر بند کر دئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر رکھے گئے کینٹینرز کی تعداد ساڑھے سات سو سے زائد ہے۔ اسلام آباد پولیس سمیت 21 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو 12 گھنٹے کی شفٹوں میں ڈیوٹی دیں گے۔
دوسری جانب کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اینٹی رائٹس فورس کو ہزاروں کی تعداد میں آنسو گیس شیل، شیلڈ اور کٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔
ریڈ زون کی حفاظت کے لیے تین حصار قائم کر دیئے گئے ہیں۔ پہلے میں پولیس، دسرے میں رینجرز اور تیسرے میں پاک فوج تعینات ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جبکہ راولپنڈی میں نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔