شریف فیملی کی خواہش کے مطابق ہر قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں: میاں اسلم اقبال

Last Updated On 24 October,2019 11:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ شریف فیملی کی خواہش کے مطابق ہر قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں، نواز شریف کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے طیارہ مختص کر رکھا ہے۔

میاں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سیاسی اختلافات کسی طور انسانی جان سے زیادہ قیمتی نہیں ہو سکتے، وزیر صحت اور اعلیٰ حکام نواز شریف کے معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں، نواز شریف کو کسی بھی قسم کی سہولت دینے میں گریز نہیں کیا جائے گا، میاں صاحب کی جلد صحت یابی کیلئے دلی طور پر دعا گو ہیں۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا پنجاب حکومت نواز شریف کو ہر سہولت بہم پہنچا رہی ہے، اللہ تعالیٰ میاں نواز شریف کو جلد صحت یاب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے میاں صاحب کی بھرپور دیکھ بھال کی ہدایات دی ہیں۔