کوئٹہ میں موٹر سائیکل بم دھماکا، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

Last Updated On 21 October,2019 07:51 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں ایک مرتبہ پھر پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے موٹر سائیکل بم دھماکا کیا گیا ہے جس میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ علاقے میں دھماکے بعد خوف وہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ اخروٹ آباد کی پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی، جونہی وہ پشتونستان چوک سے کچھ آگے پہنچی تو سڑک کنارے کھڑے موٹر سائیکل میں نصب بم کا دھماکا ہو گیا۔

دھماکے میں پولیس سب انسپکٹر نثار، سپاہی ارسلان خان اور سپاہی خان محمد کے علاوہ راہگیر محمد اکبر، بلال، فرید اللہ اور ایک بچہ اسد خان زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

دھماکے سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگ موٹر سائیکل کی سیٹ میں فٹ کئے گئے تھے جس کا وزن تقریباً 4 سے 5 کلو تھا۔