پنجاب: بیورو کریسی، پولیس میں اکھاڑ پچھاڑ، 3 ڈی سیز، 8 ڈی پی اوز کے تقرر و تبادلے

Last Updated On 12 October,2019 10:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بیورو کریسی اور پولیس میں اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ نہ رک سکا، صوبے میں تین ڈپٹی کمشنرز، 8 ڈی پی اوز اور ایک کمشنر کے تقرر و تبادلے کر دیئے گئے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر احتشام انور کا 10 اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ تبادلہ ہوا، حکومت نے تعیناتی کے ایک روز بعد پھر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو تبدیل کر ڈالا، ڈپٹی کمشنر ساہیوال زمان وٹو کا تبادلہ کر دیا گیا، ڈاکٹر احتشام کو ڈپٹی کمشنر ساہیوال تعینات کر دیا گیا۔

محمد عمر شیر ڈپٹی سیکرٹری کیبنٹ ونگ کا تبادلہ کر دیا گیا، عمر شیر چھٹہ کو ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ تعینات بنا دیا گیا، محمد علی کو ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے، سیکرٹری اوقاف ذوالفقار گھمن کو تبدیل کر کے کمشنر گوجرانوالہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ وقاص علی کو تبدیل کر کے ممبر سوشل انفراسٹرکچر پی اینڈ ڈی تعینات کیا گیا ہے، کیپٹن (ر) محمد محمود سیکرٹری وائلڈ لائف کو تبدیل کر کے سیکرٹری اوقاف پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔

سیکرٹری کالونیز بورڈ آف ریونیو محمد شاہد نیاز کو تبدیل کر کے ایس اینڈ جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے، محمد زمان وٹو کو سیکرٹری کالونیز بورڈ آف ریونیو بنا دیا گیا ہے۔

عمر عباس میلہ کو ڈپٹی سیکرٹری خزانہ سے تبدیل کر کے ڈپٹی سیکرٹری کیبنٹ ونگ تعینات کیا گیا ہے، سرفراز خان ورک کو ڈی پی او بہاولپور بنا دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے رشتہ دار امیر تیمور بزدار کو ڈی پی او بہاولپور سے تبدیل کر کے ڈی پی او رحیم یار خان تعینات کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے سٹاف آفیسر اخلاق فاروق کو ڈی پی او وہاڑی تعینات بنایا گیا ہے۔ ڈی پی او وہاڑی ثاقب سلطان المحمود کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے اور سی پی او آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی پی او راجن پور ہارون الرشید خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور سی پی او آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے، فیصل شہزاد ایس ایس پی آپریشنز لاہور بن گئے ہیں۔ تمام تبادلوں سے متعلق حکومت پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں۔