پاکستان کا بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد

Last Updated On 07 October,2019 05:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارتی وزیر دفاع کا ایف اے ٹی ایف سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارت ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہا ہے، بھارت ایف اے ٹی ایف کی پاکستان سے متعلق پروسیڈنگز پر اثر انداز ہو رہا ہے، بھارت ایشیاء پیسفک گروپ میں اپنی معاون چیئرمین شپ کا غلط استعمال کر رہا ہے، پاکستان اس سلسلے میں اپنے تحفظات رکن ممالک کے سامنے رکھ چکا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ توقع ہے کہ ارکان بھارت کی ان گمراہ کن سازشوں میں نہیں آئیں گے اور ارکان بھارت کی معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کو مسترد کر دیں گے۔ یاد رہے بھارتی وزیر دفاع نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی وقت بلیک لسٹ ہو جائے گا۔