روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے: حماد اظہر، سفارش کے بجائے میرٹ کو سپورٹ کریں گے: اسلم اقبال

Last Updated On 06 October,2019 07:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریونیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان کے ساتھ کوئی بھی کھڑا ہونے کو تیار نہیں، مدرسوں کےبچوں کو سیاسی ہتھکنڈوں کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے، مذہبی طبقہ بھی وزیراعظم کے ساتھ ہے، روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ میرٹ کو سپورٹ کریں‌گے، معاشی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، ایم ٹی آئی ایکٹ سے ہمارا نہیں عوام کا فائدہ ہے، اس کیخلاف احتجاج سے کوئی فائندہ نہیں ہوگا۔

لاہور میں وزیراطلاعات پنجاب اسلم اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریونیو حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کےدورمیں زرمبادلہ کے ذخائر آدھے رہ گئےتھے، اس وقت مستحکم ہیں، روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، معیشت میں استحکام آ گیا، اب بہتری کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نےسیاست بچانے کیلئے معیشت تباہ کر دی، سابق حکمران اپنے ہی گھر کو لوٹ کر چلے گئے، ماضی کی حکومتوں کےغلط فیصلوں کے باعث بجلی مہنگی کرنی پڑی۔

وزیراطلاعات پنجاب اسلم اقبال نے کہا کہ صحت انصاف کارڈز پنجاب میں بھی تقسیم کر رہے ہیں، روزگار کے حوالے سے پروگرام بھی شروع کیے۔ انہوں نے کہا کہ سفارشی کلچرکو سپورٹ نہیں کیا جا رہا۔ غریب آدمی کےپاس سفارش نہیں تووہ کدھرجائے۔ معاشی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، ایم ٹی آئی ایکٹ سے ہمارا نہیں عوام کا فائدہ ہے، اس کیخلاف احتجاج سے کوئی فائندہ نہیں ہو گا۔ ایک سال میں 10 ارب ڈالر کا قرض واپس کیا۔