خراب موسم کے باعث وزیر اعظم عمران خان کا دورہ سکردو منسوخ

Last Updated On 04 October,2019 03:44 pm

سکردو: (دنیا نیوز) خراب موسم کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان کا دورہ سکردو منسوخ کر دیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے اسکردو میں جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے جلسے سے خصوصی خطاب کرنا تھا۔

 وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے سکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماضی کے حکمرانوں نے قرضے لیکر قوم کو دلدل میں پھنسا دیا، سکردو کے عوام کی مشکلات حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، تحریک انصاف نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا سکردو کے سکولوں میں جدید سہولتیں فراہم کرینگے، حکومت کے اقدامات سے سکردو کے عوام بھی سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہونگے، سیاحت اور معدنیات اللہ کی طرف سے سکردو کے عوام کیلئے تحفہ ہے، وزیراعظم عمران خان ہر پاکستانی کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں، سکردو میں بجلی پیدا کرنے کے بے پناہ وسائل ہیں، سکردو کے عوام کو بجلی کی فراہمی کیلئے منصوبے لگائے جائیں گے۔

ادھر وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس بلا لیا، اپوزیشن احتجاج سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت ہو گی۔