میرپور: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے علاقوں میں آئے خوفناک زلزلے کو کافی دن گزر جانے کے باجود بھی اس کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ آفٹر شاکس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خوفناک زلزلے نے آزاد کشمیر میں تباہی مچا دی تھی۔ میرپور اور قریبی قصبے جاتلاں میں عمارتیں، مکانات اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 5.8 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز جہلم سے پانچ کلومیٹر شمال میں تھا۔
زلزلہ سہ پہر چار بج کر دو منٹ پر آیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں دس سے پندرہ سیکنڈ تک شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں دفاتر سے نکل کر سڑکوں اور کھلے مقامات پر آ گئے۔