اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشو اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا میں مسئلہ کشمیر سر فہرست ہے، عمران خان سفارتی میدان میں بھارتی وزیراعظم کا اصل چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جنرل اسمبلی کا اجلاس دنیا بھر سے آئی انسانی حقوق کی تنظیموں کا بھی امتحان ہے، مودی نے خطے کے امن کو چیلنج کیا ہے، میڈیا کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کیلئے کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان اور کشمیر کا ایک جسم اور روح کا رشتہ ہے، کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے، جنگ کیلئے جوش کیساتھ ساتھ ہوش کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا عالمی سطح پر بہت سے چینلجز درپیش ہے، گھرمیں ہمیں متحد ہونا چاہیئے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالنا ہوگا، اس وقت ایجنڈا صرف کشمیر کا ہونا چاہیئے، کچھ لوگ مارچ کی باتیں کر رہےہیں، وہ لوگ اپنے مارچ کو کشمیر مارچ کا نام دیں، ہر جگہ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کیلئے تیار ہیں، مسئلہ کشمیر پر پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔