جج وڈیو کیس، ملزم میاں طارق کے عدالتی ریمانڈ میں 23 ستمبر تک توسیع

Last Updated On 16 September,2019 09:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے جج وڈیو کیس کے ملزم میاں طارق کے عدالتی ریمانڈ میں 23 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے دوبارہ جیل بھجوا دیا ہے۔

دوسری جانب انسداد سائبر کرائم کی عدالت نے سائبر کرائم ایکٹ کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں ایف آئی اے سے چالان طلب کر لیا ہے۔

جج وڈیو کیس میں گرفتار مرکزی ملزم میاں طارق کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد کے روبرو پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر چالان پیش نہ ہوا تو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔

وکیل صفائی نے کہا کہ پہلے ہی اتنا وقت گزر چکا ہے، دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں۔ ایف آئی اے کو مزید کتنے دن چاہئیں؟

دوسری جانب انسداد سائبر کرائم کی عدالت کے جج طاہر محمود نے بھی جج وڈیو کیس کی سماعت کی اور ایف آئی اے کی جانب سے چالان داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 19 ستمبر تک چالان طلب کر لیا۔