جج ارشد ملک کیخلاف کارروائی کا آغاز، لاہور ہائیکورٹ نے اجلاس طلب کرلیا

Last Updated On 23 August,2019 05:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے عدالت کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس چھبیس اگست کو طلب کر لیا۔ اجلاس میں جج ارشد ملک کی مبینہ وڈیو سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق جج ارشد ملک کے خلاف باقاعدہ کاروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جج ارشد ملک کی خدمات واپس کرنے کے بعد کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ہائیکورٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

انتظامی کمیٹی 7 ججز پر مشتمل ہوگی۔ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان کریں گے۔

کمیٹی میں سینئر جج جسٹس مامون الرشید شیخ، جسٹس قاسم خان، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خاں شامل ہوں گے۔

جج ارشد ملک کو پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ معطل کرکے بطور احتساب عدالت جج عہدہ سے ہٹا چکی ہے۔ کمیٹی جج کو عہدے سے برطرف کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔