حیدر آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وفاق کراچی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، وفاقی وزیر نے کل کراچی پر قبضے کا پلان پیش کیا، سندھ کے وسائل پر کسی صورت قبضہ نہیں کرنے دیں گے، ملک کا نظام چلانا ہے تو بھٹو کا آئین ماننا ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پیغام دینا چاہتا ہوں ہوش کے ناخن لو، ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں، یہ لوگ آئین کی خلاف ورزی کرتے جا رہے ہیں، ہم اپنا خون دیں گے لیکن ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے، وفاقی حکومت خود اپنا ٹیکس جمع نہیں کرسکتی، تاجروں، کسانوں، شہریوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، غیر جمہوری قوتوں کے سامنے دیوار بنے رہیں گے، غیر آئینی قبضے کی کوشش کی تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا، ایسی ہی حرکتوں کی وجہ سے ماضی میں ملک ٹوٹا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا عمران خان نے لوگوں کو سیاسی قیدی بنا کر رکھ دیا، یہ کیسے ہوسکتا ہے کراچی کو اسلام آباد سے کنٹرول کیا جائے، اب حکومت چلنے نہیں دیں گے، بے نقاب کریں گے، ملک اس وقت خطرناک صورتحال سے دوچار ہے، جمہوریت کو آمریت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جمہوریت کا سفر زوال کی طرف جا رہا ہے، جمہوریت کا سفر آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہا تھا، ہم سب نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے، غیر جمہوری قوتوں نے ہم سب پر حملے کیے، کٹھ پتلی حکومت مظالم جاری رکھے ہوئے ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا عوام کے حقوق چھینے جا رہے ہیں، وزیراعظم کہتے ہیں 18 ویں ترمیم کی وجہ سے وفاق دیوالیہ ہو رہا ہے، سندھ کی گیس پورے پاکستان کو دی جاتی ہے، سندھ حکومت پر ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں، کٹھ پتلی حکمران اور غیر جمہوری قوتوں نے آئین پر حملے کیے۔