فیصل آباد: ڈینگی کا مریض طالبعلم چل بسا، صوبے میں مرض تیزی سے پھیلنے لگا

Last Updated On 11 September,2019 10:59 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریض جاں بحق ہوگیا، 14 سالہ آریان کا تعلق راولپنڈی سے تھا، الائیڈ ہسپتال میں رواں سال 27 مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی۔

دنیا نیوز کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی کا متاثرہ 14 سالہ مریض زندگی کی بازی ہار گیا، میٹرک کے طالبعلم آریان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جس کو طبی امداد کے لئے پہلے سول ہسپتال اور پھر الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حالت مزید خراب ہونے پر مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔ الائیڈ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں 2 بہنوں سمیت ڈینگی کے 8 مزید مریض زیر علاج ہیں، رواں سال الائیڈ ہسپتال میں مریضوں کی تعداد 27 ہوچکی ہے۔

دوسری طرف پنجاب میں ڈینگی کے مریض بڑھنے لگی ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 135 افراد میں مرض کی تصدیق ہوئی ہے، 88 افراد کا تعلق راولپنڈی اور 39 کا تعلق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہے۔ لاہور سے ایک بہاولپور، لودھراں ملتان اور نارووال سے بھی ایک ایک مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبے میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1813 ہوگئی ہے، محکمہ صحت نے دو ہلاکتوں کی بھی تصدیق کردی راولپنڈی کے رہائشی نادیہ اور بابر دوران علاج دم توڑ گئے، لاہور میں بادامی باغ کا 23 سالہ اللہ دتہ میں بھی ڈینگی وائرس پازیٹو آگیا ہے جو میو ہسپتال میں زیرِ علاج ہے اور حالت خطرے سے باہر ہے۔

لاہور میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے لاہور میں انڈور آوٹ ڈینگی سرویلنس کے دوران ڈینگی لاروا ملنے پر ایف آئی آر بھی درج کرانے کا سلسلہ جاری ہے، آج ڈینگی لاروا ملنے پر 23 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔

لاہور میں ڈینگی وائرس بے قابو ہونے لگا بادامی باغ کے رہائشی 23سالہ نوجوان میں ڈینگی وائرس کی تصدیق لاہور:اللہ دتہ میو اسپتال میں زیر علاج ہے لاہور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہو گئی۔